
ڈھاکا : بنگلہ دیش حکومت نے ملک کی ایک بڑی پارٹی جماعت اسلامی اور اس کے طلبہ ونگ شبر پر پابندی لگادی۔ پابندی کا فیصلہ وزیر اعظم شیخ حسینہ کی عوامی لیگ کی زیر قیادت 14 جماعتی اتحاد کے اجلاس میں کیا گیا اجلاس میں سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء کی جماعت بنگلہ دیش نیشنل پارٹی کی اتحادی جماعت اسلامی پر پابندی کی متفقہ قرار داد منظور کی گئی۔ وزیر قانون انیس الحق نے بتایا کہ پابندی ایک ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے لگائی گئی ہے۔ جماعت اسلامی پر الیکشن میں حصہ لینے پر پہلے ہی پابندی عائد ہے اور کالعدم قرار دیے جانے کے بعد یہ پارٹی کسی بھی قسم کا اجتماع منعقد نہیں کر سکے گی۔ جماعت اسلامی کے رہنما شفیق الرحمان نے حکومتی فیصلے کو غیرقانونی، اختیارات سے تجاوز اور غیرآئینی قرار دیا ہے۔


































