
دوحہ : قطر۔ مصر اور ترکیہ نے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ میں مکمل جنگ بندی کیلئے اسرائیلی فوج کا انخلاء اور ایک بین الاقوامی استحکام فورس کی تعیناتی ضروری ہے۔
دوحہ فورم سے خطاب میں قطری وزیراعظم محمد بن عبدالرحمٰن الثانی نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال محض ایک وقفہ ہے، مکمل جنگ بندی نہیں، تصفیے کے اگلے مرحلے پر کام جاری ہے جس میں اسرائیلی انخلا اور غزہ میں استحکام اولین شرطیں ہیں۔
مصری وزیرِ خارجہ بدر عبدالعاطی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جنگ بندی پر عملدرآمد کی نگرانی کیلئے بین الاقوامی فورس کو فوری طور پر تعینات کرنا ہوگا کیونکہ اسرائیل ہر روزجنگ بندی کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
ترک وزیرِ خارجہ ہاکان فیدان نے کہا کہ فورس کی قیادت اور شمولیت کے حوالے سے اہم امور ابھی تک حل طلب ہیں۔ فورس کا بنیادی مشن فلسطینیوں کو اسرائیلیوں سے الگ کرنا ہونا چاہیے تاکہ صورتحال قابو میں لائی جا سکے۔


































