
اسلام آباد: پاکستان نے غزہ پر اسرائیل کے فضائی حملوں کی شدید مذمت کی ہے جس میں اب تک 24 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ان حملوں کی مذمت کرتے ہوئے دفتر خارجہ نے کہاکہ اسرائیل کی جانب سے جارحیت کا تازہ ترین سلسلہ بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسانی قوانین کی مکمل خلاف ورزی ہے اور تل ابیب بے گناہ فلسطینیوں کے خلاف مظالم، غیر قانونی اقدامات اور طاقت کا اندھا دھند استعمال کررہا ہے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اسرائیل پر زور دے کہ تل ابیب طاقت کے بے دریغ استعمال اور انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزیوں کو فوری طور پر بند کرے اور مزید کہا کہ جارحیت کو فوری طور پر روکنا لازمی ہے۔


































