
غزہ: صیہونی فوج نے غزہ میں چند گھنٹوں کے دوران چوالیس بے گناہ فلسطینیوں کو شہید اور سو سے زائد کو زخمی کردیا۔ صیہونی فوج نے سب سے مہلک حملہ نصیرات کیمپ میں کیا جہاں بیس فلسطینی جان سے گئے۔ جبالیہ کیمپ، صابرہ اور زیتون میں صیہونی فوج نے آبادیوں کو نشانہ بنایا۔ جبالیہ میں مکان پر میزائل حملے میں تین خواتین سمیت ایک ہی خاندان کے نو افراد شہید ہوگئے۔ خان یونس سے صیہونی فوج کے انخلا کے بعد لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ملبے سے مزید نو لاشیں ملی ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے جنین کا محاصرہ کررکھا ہے جہاں اسرائیلی افواج نے فلسطینی باشندوں کیلئے خوراک، پانی، بجلی اور انٹرنیٹ بند کر رکھا ہے۔ بڑے پیمانے پر تباہی کے باعث یہ ایک بھوت شہر میں تبدیل ہوگیا ہے۔ شہر میں وقفے وقفے سے جھڑپیں دیکھنے میں آرہی ہیں۔ اب تک بائیس فلسطینی مارے جاچکے ہیں۔


































