
تل ابیب : صیہونی حکومت نے مغربی کنارے میں ساڑھے چار ہزار ہاؤسنگ یونٹس کی تعمیر کا منصوبہ متعارف کرایا ہے۔ اسرائیل کی سپریم پلاننگ کونسل کے ایجنڈے کے تحت مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں 4,560 ہاؤسنگ یونٹس کی منظوری کا منصوبہ پیش کیا گیا ہے جس پر اگلے ہفتے فیصلہ کیا جائے گا۔ ان میں سے 1,332 عمارتیں حتمی منظوری کے لیے ہیں جبکہ باقی ابتدائی منظوری کے عمل سے گزر رہی ہیں۔ اسرائیل کے وزیر خزانہ بیزلیل اسموٹریچ نے اس موقع پر کہا کہ ہم بستیوں کی تعمیر جاری رکھیں گے اور علاقے پر اسرائیلی گرفت مضبوط کریں گے۔ جنوری 2023 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے وزیر اعظم نیتن یاہو کے اتحاد نے 7 ہزار سے زائد نئے ہاؤسنگ یونٹس کی تعمیر کی منظوری دی ہے جن میں سے زیادہ تر مغربی کنارے میں ہیں۔ صیہونی منصوبے کے جواب میں فلسطینی اتھارٹی نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ مشترکہ اقتصادی کمیٹی کے اجلاس کا بائیکاٹ کرے گی۔


































