
انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ کوئی بھی ملک اس وقت تک محفوظ نہیں جب تک اسرائیل بین الاقوامی قوانین کی پاسداری نہیں کرتا۔ پارلیمنٹ سے خطاب میں اردوان نے رفح پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خود سر اسرائیل نہ صرف فلسطین یا غزہ بلکہ پوری دنیا کے امن اور انسانیت کے لیے خطرہ ہے۔ انہوں نے غزہ میں جاری مظالم کو روکنے کے لیے اقوام متحدہ جیسے اداروں اور بین الاقوامی نظام کی نااہلی پر تنقید کی۔ انہوں نے اقوام متحدہ کو مخاطب کرکے پوچھا کہ آپ کا کیا فائدہ ہے؟ اگر آپ اکیس ویں صدی میں نسل کشی نہ روک سکیں۔ اردوان نے کہا کہ اقوام متحدہ اپنے اہلکاروں یا امدادی کارکنوں کو بھی تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہی، نسل کشی کو تو چھوڑ دیں۔ غزہ میں نہ صرف انسانیت تباہ ہوئی، بلکہ اقوام متحدہ بھی اپنی روح کے ساتھ مرگئی ہے۔ ترک رہنما نے کہا کہ کوئی بھی عقیدہ معصوم شہریوں کو اپنے خیموں میں جلانے کو جائز نہیں سمجھتا۔ دنیا نیتن یاہو کے نام سے مشہور ویمپائر کی بربریت کو کھلے عام دیکھ رہی ہے۔


































