
غزہ : حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے دوٹوک الفاظ میں کہاہے کہ فلسطین کی آزادی اور خودمختاری تک خطے میں امن و استحکام قائم نہیں ہوسکتا۔ اسماعیل ہنیہ نے الجزیرہ ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ غزہ میں مزاحمت کاروں نے اسرائیلی زمینی فوج کو شدید نقصانات سے دوچار کیا ہے اور فلسطینی گروپس بہت جلد اسرائیلیوں کے حقیقی نقصانات کا راز فاش کریں گے۔ اسماعیل ہنیہ نے کہاکہ محاصرہ زدہ غزہ میں یرغمالی بھی فلسطینیوں کی طرح موت اور تباہی سے ہمکنار ہوئے ہیں۔ اسماعیل ہنیہ کا کہنا تھا کہ ثالثوں سے کہا ہے غزہ میں قتل عام رکنا چاہیے۔ تاہم نتن یاہو اپنی ساکھ بچانے کے لئے رکاوٹیں ڈال رہا ہے۔ انہوں نے امریکہ سے مطالبہ کیا کہ غزہ میں تشدد کےخاتمے کی بین الاقوامی کوششوں میں رکاوٹ ڈالنے سے باز آئے۔ انہوں نے مغربی اقوام سے پرزور مطالبہ کیا وہ غزہ میں اسرائیلی وحشت اور موت کے کھیل کے خلاف اپنا احتجاج اور مظاہرے جاری رکھیں تاکہ فیصلہ ساز حلقوں پر دباؤ بڑھایا جا سکے۔


































