
تہران : ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے مزید مذاکرات کی درخواست کی ہے جس پر تہران غور کر رہا ہے۔ سینٹ پیٹرزبرگ میں صحافیوں سے گفتگو میں عراقچی نے کہا کہ ایران دنیا کی سب سے بڑی سپر پاور کے سامنے ڈٹ کر کھڑا ہے۔ عراقچی نے کہا کہ امریکا اپنے مقاصد میں سے ایک بھی حاصل نہیں کر پایا ہے۔ اسی لیے انھوں نے مزید مذاکرات کی درخواست کی ہے اور ہم اس پر غور کر رہے ہیں۔ ایران کے وزیرِ خارجہ نے کریملن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جنگ نے دکھا دیا ہے کہ ایران کے روس جیسے عظیم دوست اور اتحادی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور روس کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری ہے اور وہ اپنے تعاون کو مزید مستحکم کرتے رہیں گے۔


































