
تہران : ایرانی عبوری وزیر خارجہ نے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بوریل سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت نے ایران کی حاکمیت اور خودمختاری کو پامال کیا ہے لہٰذا مجرم کو ہر حال میں سزا دیں گے۔ شہید اسماعیل ہنیہ پر حملہ ایران کی حاکمیت اور خودمختاری پر حملے کے ساتھ خطے اور بین الاقوامی سیکورٹی کے لئے شدید خطرہ ثابت ہوا ہے۔ ایران واقعے میں ملوث صیہونی نیٹ ورک کو سزا دینے کے حق سے کسی بھی طور پر دستبردار نہیں ہوگا۔ علی باقری نے اقوام متحدہ کے ہنگامی اجلاس میں امریکہ اور بعض یورپی ممالک کی جانب سے صیہونی حکومت کی مذمت کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوششوں کی مذمت کی اور کہا کہ ان ممالک کی خاموشی اور مذکورہ اقدامات کی وجہ سے صیہونی حکومت کو مزید جرآت اور ترغیب ملتی ہے جس سے خطے کی سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔


































