
تہران: ایران نے 61 امریکیوں پر مخالف عناصر کی حمایت کرنے پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔ پابندیوں کی زد میں آنے والوں میں سابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو بھی شامل ہیں۔ وزارت خارجہ نے جلاوطن اپوزیشن گروپ مجاہدین خلق کی حمایت کرنے والے امریکیوں کو بلیک لسٹ کردیا ہے، جن میں مائیک پومپیو کے علاوہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ذاتی وکیل روڈی گیولیانی اور وائٹ ہاؤس کے سابق مشیر قومی سلامتی جان بولٹن بھی شامل ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق گیولانی، مائیک پومپیو اور جان بولٹن اور دیگر سے متعلق کہا گیا ہے کہ انہوں نے اپوزیشن گروپ مجاہدین خلق کی سرگرموں میں حصہ لینے کے ساتھ اس کی حمایت کا اظہار بھی کیا تھا۔ ایران نے اس سے قبل جنوری میں بھی 51 امریکیوں پر پابندیاں عائد کی تھیں، جس کے بعد اپریل میں 24 مزید امریکیوں کو بلیک لسٹ کیا گیا تھا۔


































