
تہران: ایران نے برطانیہ، فرانس اور جرمنی کی جانب سے اقوام متحدہ کی پابندیوں کو بحال کرنے کی کوششوں کو مسترد کر دیا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے نیوز بریفنگ میں کہا یورپی ممالک کے پاس اسنیپ بیک میکانزم کو دوبارہ فعال کرنے کا کوئی قانونی اختیار نہیں ہے۔ اگر انہوں نے ایسا کوئی اقدام کیا تو ایران کی طرف سے سخت اور مناسب ردعمل دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ تینوں ممالک نے جارحیت کی حمایت کرکے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 کی ساکھ کو کمزور کیا جس نے جوہری معاہدے کی توثیق کی ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ کیا وہ اب بھی خود کو اس معاہدے کا فریق کہہ سکتے ہیں۔ انہوں نے این پی ٹی سے نکلنے سے متعلق کہا کہ جب تک ایران یورینیم کی افزودگی سمیت اپنے حقوق سے محروم ہے تو رُکنیت کیسے جاری رہ سکتی ہے۔


































