
غزہ : حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے کہا کہ حماس عبوری جنگ بندی کے لیے تیار ہے مگر اس کے لیے لازم ہے کہ مستقل جنگ بندی کا فریم ورک بھی ساتھ ہو۔ القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ اگر مستقل جنگ بندی کا فریم ورک نہیں ہوا تو حماس عبوری جنگ بندی کے لیے اپنی آمادگی برقرار نہیں رکھ سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر جاری مذاکرات میں مستقل جنگ بندی کی طرف واضح پیش رفت نہ ہوئی توحماس بھی عبوری معاہدے کو قبول کرنے سے پیچھے ہٹ جائے گی۔ ابو عبیدہ نے کہا حماس نے کئی بار اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کی پیش کش کی ہے مگر اسرائیل ایسے کسی معاہدے سے دور رہنے کی کوشش شروع کر دیتا ہے۔ انہوں نے اسرائیلی حکومت کو خبردار کیا کہ اسرائیل جنگ جاری رکھنا چاہتا ہے تو ہم بھی طویل جنگ کیلئے تیار ہیں اسرائیل لڑائی جاری رکھنے کا انتخاب کرکے اپنے فوجیوں کی لاشیں وصول کرنے کا فیصلہ کر رہا ہے۔


































