
اسلام آباد: پاکستان نے ہندوستانی قیادت کے پاکستان مخالف اشتعال انگیز بیانات کو خطرناک ذہنیت کی عکاسی قرار دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ ہندوستان کا پاکستان کو عدم استحکام کا ذمے دار ٹھہرانا حقائق کے منافی ہے۔ ہندوستان دھمکیوں، گمراہ کن بیانیوں اور طاقت کے استعمال سے اپنے مقاصد حاصل کر نہیں سکتا۔ ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری بخوبی آگاہ ہے کہ ہندوستان کا رویہ جارحانہ رہا ہے، جس میں پاکستان کے اندر دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے معاونت کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ ترجمان نے زور دے کر کہا کہ پاکستان امن اور تعمیری بات چیت کے لیے پُرعزم ہے، لیکن اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے بھی مکمل طور پر تیار ہے۔


































