
ابوجا : نائجیریا میں سیکیورٹی فورسز ایک بار پھر عاشورہ کے جلوس پر ٹوٹ پڑیں اور اندھا دھند گولیاں چلا کر 6 عزاداروں کو شہید اور متعدد کو زخمی کردیا۔ عزاداروں پر حملہ ریاست کادونا کے شہر زاریا میں اس وقت کیا گیا جب عزادار عاشورہ کا جلوس ختم کرکے واپس جارہے تھے پولیس نے عزاداروں کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کے گولے داغے جس کے بعد فوجیوں نے گولیاں برسانا شروع کردیں۔ جس سے عزادار زخمی ہوکر گرپڑے جنہیں اسپتال لے جایا گیا جہاں 6 عزادار جام شہادت نوش کرگئے۔جس میں شیخ زکزاکی کے بھتیجے محسن یعقوب بھی شامل ہیں۔ کئی زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہےجس کی وجہ سے شہادتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ گذشتہ برس بھی نائجیریا کے سیکیورٹی اہلکاروں نے زاریا شہر میں عاشورا کے جلوس پر حملہ کیا تھا جس میں کئی افراد شہید اور زخمی ہوگئے تھے۔اس سے پہلے 2014ء کو یوم قدس کی ریلی پر نائجیرین آرمی کی فائرنگ سے شیخ زکزاکی کے تین بیٹے اور 33 دیگر شیعہ افراد شہید ہوئے تھے۔


































