
حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے واضح طور پر کہاہے کہ جب تک فلسطینیوں کو سلامتی اور آزادی حاصل نہیں، قابضین کو بھی کوئی تحفظ نہیں ہوگا۔ اسماعیل ہنیہ نے منگل کی صبح جاری ایک بیان میں کہا کہ یہ اسرائیلی لوگوں میں فرق نہیں کرتے۔ یہ مجرم بچوں، عورتوں اور بوڑھوں کوقتل کرتے ہیں۔ ایسا کرکے وہ اپنی خون آلود تاریخ میں شرم کا ایک صفحہ پلٹ رہے ہیں۔ ہنیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فلسطینی مزاحمت کار قابضین کے مضبوط ٹھکانوں کو تباہ کر دیں گے چاہے اس میں کتنا ہی وقت کیوں نہ لگے۔ صیہونی اس وقت تک سلامتی سے لطف اندوز نہیں ہوں گے جب تک ہمارے لوگ اور بچے اپنی بابرکت سرزمین پر سلامتی، آزادی اور خودمختاری سے لطف اندوز نہیں ہوں گے۔ انہوں نے اسرائیلی جرائم پر عرب اور مسلم ممالک کے سربراہان کی بے عملی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں بچوں، عورتوں اور بوڑھوں کے قتل عام کے خلاف آپ کو غصے میں آنے اور تاریخی موقف اختیار کرنے کے لیے کتنا خون اور قتل عام درکار ہے؟ اسماعیل ہنیہ نے اسرائیل کے مغربی حامیوں کو خبردار کیا کہ غزہ میں نسل کشی کی جنگ کی حمایت کے موقف کی وجہ سے ہمیشہ کے لیے انسانیت سے گر چکے ہیں اور آپ نے اپنے اور عرب اور اسلامی ممالک کے درمیان ایک ایسی دیوار کھڑی کر دی ہے جو کبھی نہیں گرے گی۔


































