
کراچی : مولانا حیات عباس نجفی نے کہا کہ امامؑ کا نام جس زبان پر آتا ہے، ایسا شخص کبھی بھی ظالم کا ساتھ نہیں دیتا ہے، امام حسینؑ کی شخصیت مظلوموں کے لئے حوصلہ کا باعث ہیں، امام حسینؑ سے حقیقی محبت کرنے والے ظالم کے سامنے کبھی بھی سر نہیں جھکاتے ہیں، انہوں نے ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین ضلع شرقی اور دعا کمیٹی کے زیر اہتمام 6 روزہ مجالس عزا بسلسلہ واپسی اہل حرمؑ در مدینہ اور شہادت امام حسن عسکریؑ کی مناسبت مسجد و محفل شاہ خراسان روڈ سولجر بازار میں خطاب کرتے ہوئے کیا.
انہوں نے کہا کہ امام حسینؑ نے اپنی زندگی کا پہلا خطبہ کمسنی میں دیا، جس میں سب سے پہلے ولایت امام علیؑ کا دفاع کیا۔ مولانا حیات عباس نجفی نے کہا کہ امام علیؑ کے ماننے والے شہادت سے کبھی نہیں گھبراتے ہیں، امام علیؑ متقیوں کے امامؑ ہیں، جس کے دل میں تقویٰ ہوگا وہ مولا علیؑ سے محبت بھی رکھے گا اور قرآن مجید سے ہدایت بھی حاصل کرسکے گا۔ مولانا حیات عباس کا کہنا تھا کہ امام حسینؑ جانتے تھے کہ دشمن انہیں مدینہ میں قتل کرنا چاہتے ہیں، امامؑ نے کہا کہ بدن کے لئے موت اگر ضروری ہے تو شہادت سب سے بہتر موت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری اگر صحیح اہداف کے ساتھ ہو تو اس سے یزیدی قوتیں ہمیشہ پریشان رہتی ہیں۔ مجلس کے آغاز پر قاری علی حیدری نے قرآن پاک اور حدیث کساء کی تلاوت کی جبکہ سلام خوانی طالب حسین طالب نے کی۔


































