
بیروت : لبنان کے صدر جوزف عون نے امریکی دباؤ کے باوجود اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی کو یکسر مسترد کردیا اور واضح کیا کہ صیہونی ریاست کو تسلیم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ لبنانی صدر نے کہا کہ اسرائیل اب بھی ہمارے جنوبی علاقوں پر قبضے کو ختم کرنے سے انکار کر رہا ہے۔ قابض ریاست کو کیسے تسلیم کیا جا سکتا ہے۔ صدر جوزف عون نے کہا کہ لبنان اپنے پڑوسی ملک اسرائیل کے ساتھ پُرامن تعلقات کا خواہاں ہیں لیکن اس کا مطلب سفارتی تعلقات کی بحالی نہیں۔ لبنانی صدر نے دوٹوک انداز میں کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی میں اسرائیل سے تعلقات کی بحالی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ عون نے کہا کہ لبنان میں اسرائیلی فوجی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ سرحدوں تک فوج کی مکمل تعیناتی میں رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ کام طاقت کے ذریعے نہیں کیا جائے گا۔


































