
واشنگٹن : امریکی ایوان نمائندگان نے ایک قانونی ترمیم منظور کی ہے جو روس سے میزائل خریدنے پر ہندوستان کو تعزیری پابندیوں سے بچائے گی۔ نجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق منظور ہونے والی بھارت سے متعلق ترمیم کو صدر جو بائیڈن کے دستخط سے پہلے سینیٹ سے گزرنا باقی ہے۔ بھارتی نژاد امریکی کانگریس مین رو کھنہ کی جانب سے متعارف کرائی گئی ترمیم بائیڈن انتظامیہ پر زور دیتی ہے کہ وہ بھارت کو کاؤنٹرنگ امریکاز ایڈورسریز تھرو سینکشنز ایکٹ (کاٹسا) سے چھوٹ دے، جو ماسکو سے ہتھیار خریدنے پر نئی دہلی کے خلاف فوری پابندیاں لا سکتا ہے۔ترمیم کا استدلال ہے کہ خطے میں چین کے اثر و رسوخ کو روکنے کے لیے اس طرح کی چھوٹ کی ضرورت ہے۔ اس سے قبل اس ترمیم کو 2023 کے لیے امریکی دفاعی بل پر غور کے دوران ایک این بلاک ترمیم کے حصے کے طور پر زبانی ووٹ سے منظور کیا گیا تھا۔ امریکا بھارت کو چین کے بڑھتے ہوئے عالمی اثر و رسوخ کا مقابلہ کرنے کی کوششوں میں ایک اہم اتحادی کے طور پر دیکھتا ہے اور اسے ‘کواڈ’ کے نام سے جانا جانے والے اتحاد میں بھی شامل کیا ہے جس کا مقصد بحرالکاہل کے علاقے میں چین کا مقابلہ کرنا ہے۔ سال 2017 میں امریکی کانگریس کے ذریعہ نافذ کیا گیا، کاسٹا نامی قانون روسی دفاع اور انٹیلی جنس کے شعبوں کے ساتھ لین دین میں شامل کسی بھی ملک کے خلاف تعزیری کارروائیوں کا بندوبست کرتا ہے۔


































