
دبئی : متحدہ عرب امارات میں شدید بارشوں کے باعث ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ۔ ملک کے شمال اور مشرقی علاقے دو دن شدید بارشوں سے متاثر ہوئے۔ ان علاقوں کے چار ہزار 225 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔شدید بارشوں کی وجہ سے شارجہ، راس الخیمہ اور فجیرہ سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شارجہ، راس الخیمہ اور فجیرہ میں گاڑیاں پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔محکمہ موسمیات نے بارشوں اور سیلاب سے متعلق الرٹ جاری کیا تھا۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ متاثرہ علاقوں کے حکام سے رابطے میں ہیں اور ان کو پانی نکالنے کے لیے مشینری فراہم کی جا رہی ہے۔عمان میں پولیس، ایوی ایشن اور رائل ایئر فورس نے کہا ہے کہ انہوں نے طوفانی بارشوں سے متاثر مسندم گورنریٹ میں گھروں اور گاڑیوں میں پھنسے ہوئے افراد کو ریسکیو کیا ہے۔عمان کی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مسندم گورنریٹ سے نکالے گئے افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔


































