
لاہور : چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ نفرت انگیز بیانیے معاشرتی ترقی اور امن کیلئے خطرہ ہیں۔ برطانیہ سے آئے معروف روحانی پیشواء صاحبزادہ پیر سید محمد احسن شاہ نوشاہی قادری کی سربراہی میں ملنے والے وفد سے گفتگو میں مولانا راغب نعیمی نے کہا کہ علماء معاشرے میں اخوت و بھائی چارے اور روادری کو فروغ دیں۔ علماء کرام معاشرتی ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں، اس لیے وہ منبر و محراب کے ذریعے محرم الحرام میں امن، اتحاد اور یگانگت کا پیغام دیں۔ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے جو اخوت، یکجہتی، محبت، بھائی چارہ اور احترام انسانیت اور خدمت انسانیت کا درس دیتا ہے۔ دینی رہنماؤں نے علمی، تحقیقی، فقہی و فلاحی اور عالم اسلام کو درپیش چیلنجز سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔


































