
غزہ : حماس نے کہا ہے کہ ثالثی کرنے والوں کو اس بات کی کوئی ضمانت نہیں دی جاسکتی کہ غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ کشیدگی نہیں بڑھے گی۔ حماس کے ترجمان حازم قاسم نے کہا کہ مصالحت کار حماس سے اس بات کی ضمانت لینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ کشیدگی نہیں بڑھے گی۔ غاصب صیہونی حکومت کے جارحانہ عزائم کے پیش نظر ایسا کرنا ممکن نہیں ہے۔ غاصبانہ قبضے اور صیہونیوں کے دشمنانہ اقدامات کو مد نظر رکھتے ہوئے غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ فائر بندی کی کوئی بات ہی نہیں ہو سکتی ۔ حازم قاسم نے کہا کہ مصالحت کاروں نے تحریک حماس کے رہنماؤں کے ساتھ رابطے ایسی حالت میں تیز کر دیئے ہیں کہ غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس میں خلاف ورزیاں مسلسل بڑھتی جارہی ہیں۔مصالحت کاروں کو بتا دیا گیا ہے کہ فلسطینی قوم مذہبی مقدسات کی بےحرمتی کبھی برداشت نہیں کرے گی۔ حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے بھی مصالحت کاروں کو کسی بھی قسم کی ضمانت دینے کی شدید مخالفت کی تھی ۔


































