
ریاض : خلیج تعاون کونسل اور روس نے سوڈانی فریقوں کے درمیان امن مذاکرات کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ سعودی دارالحکومت ریاض میں خلیج تعاون کونسل اور روس کا مشترکہ وزارتی اجلاس ہوا۔ اجلاس کے اختتام پر جاری مشترکہ اعلامیہ میں تیل تنصیبات اور جہاز رانی کو درپیش خطرات سے نمٹنے اور سمندری امن کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ سوڈان میں صورتحال معمول پر لانے کے لیے کی جانے والی کوششوں میں تعاون اور جدہ میں امن مذاکرات کی حمایت کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔ اعلامیہ میں یمن کے تمام فریقوں سے اپیل کی گئی کہ وہ اقوام متحدہ کے تحت براہ راست مذاکرات فوراً شروع کریں۔ لیبیا سے تمام غیر ملکی افواج، غیر ملکی جنگجو اور اجرتی جنگجو انخلا کریں اور ملک میں انتخابات کرائے جائیں۔ اجلاس میں امن وسلامتی ، استحکام اور خوشحالی کےحصول کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا ہے۔


































