
اسلام آباد: اسلامی تعاون تنظیم نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے ان کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کااعادہ کیا ہے۔ او آئی سی کے جموں و کشمیر سے متعلق نمائندہ خصوصی یوسف ایم الدوبے نے پاکستانی سیکریٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی سے ملاقات کی اور مشترکہ نیوز کانفرنس میں کہاکہ ہندوستان اپنے زیر انتظام جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کے بارے میں پانچ اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدام واپس لے اور کشمیریوں کو ان کے جائز اور منصفانہ حق خود ارادیت سمیت ان کے حقوق دے۔ نمائندہ خصوصی نے کہا کہ مسئلہ جموں و کشمیر او آئی سی کے پلیٹ فارم پر ایک پرانا ایجنڈا ہے، اسلامی تعاون تنظیم نے وقتاً فوقتاً ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں میں انسانی حقوق کی صورت حال کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے ان کی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے ایلچی لائن آف کنٹرول کا دورہ کریں گے جہاں وہ زمینی صورتحال پر بریفنگ لیں گے۔ وہ کشمیری نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے تاکہ وہ مقبوضہ علاقہ میں کشمیریوں کی حالت زار کے بارے میں بھی آگاہی حاصل کرسکیں۔ سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ موجودہ بھارتی حکومت کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے، کشمیریوں کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت ملنا چاہیے۔


































