
تہران : ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر انچیف جنرل حسین سلامی نے کہا ہے کہ اس بار اسرائیل سے بالکل مختلف اور غیر روایتی طریقے سے انتقام لیں گے وہ جان لے گا کہ شیر کی دم سے نہیں کھیلنا چاہئے۔ شہدا کانفرنس سے خطاب میں جنرل حسین سلامی نے کہا کہ ہمارے رد عمل کا بھیانک خواب اسرائیل کو دن رات دہلا رہا ہے۔ اسرائیل یہ نہ سمجھے کہ ضرب لگا کر فرار ہو جائے گا۔ وہ جان لے کہ ان کو بھرپور جواب دیا جائے گا جس سے وہ کسی صورت بچ نہیں سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کہ ہنیہ کو شہید کرنے پر ایران کا ردعمل یقینی ہے۔ دشمن اپنی برائی کی کارروائیوں کا بدلہ لینے کا کڑوا ذائقہ محسوس کریں گے، کہاں اور کیسے؟ یہ یقینی طور پر مختلف طریقے سے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں صیہونی دشمن کمزور ہو رہا ہے وہیں فلسطینی تحریک عالمی سطح پر جا کر طاقتور ہو رہی ہے۔ جنرل حسین سلامی نے کہا کہ لاکھوں لوگ قابض حکومت کے دارالحکومت میں مظاہرہ کر رہے ہیں اور اس غاصب حکومت کے لیے باہر نکلنے کا کوئی راستہ نہیں ہے۔


































