
پیرس : فرانس میں پولیس فائرنگ سے نوجوان کی ہلاکت کیخلاف احتجاج کئی علاقوں تک پھیل گیا۔ کئی کاریں جلادی گئیں فرانس میں بدھ کو مسلسل دوسری رات بھی احتجاج کا سلسلہ جاری رہا اور اس نے مزید کئی علاقوں کو لپیٹ میں لے لیا۔ دارلحکومت پیرس کے مغربی علاقے ہوٹس-دی-سین، نانٹیرے اور ڈیجون سمیت مختلف علاقوں میں مشتعل مظاہرین نے جلاؤ گھیراؤ کیا اور کوڑے دانوں کو آگ لگادی۔ مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں میں کئی افراد زخمی ہوگئے۔ مظاہرین نے ایسون شہر میں بس جبکہ ٹولوز میں کئی کاروں کو جلادیا۔ وزیر داخلہ جیرالڈ ڈرمینین نے کہا ہے کہ اب تک 31 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ 24 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔40 کاریں جلا دی گئیں۔ احتجاج کو روکنے کے لیے ہزاروں سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا۔ فرانسیسی صدرایمانوئل میکرون نے نوجوان کی ہلاکت کو ناقابل معافی قرار دیتے ہوئے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے۔


































