
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے 40 ہزار زائرین کے لاپتہ ہونے کا بیان واپس لے لیا۔ انہوں نے کہا کہ اعداد و شمار دراصل پرانے کاغذی ریکارڈ کی ایک غلط فہمی کا نتیجہ تھے۔ 40 ہزار زائرین کا ریکارڈ تاحال کاغذی صورت میں موجود ہے اور ابھی مرکزی ڈیجیٹل رجسٹری میں منتقل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسا ہرگز نہیں کہا گیا کہ ہزاروں پاکستانی لاپتہ ہیں۔ مستقبل میں اس طرح کی غلطیوں سے بچنے اور سیکیورٹی بہتر بنانے کے لیے وزارت مذہبی امور نے ایران، عراق اور شام جانے والے زائرین کے لیے ایک جدید آن لائن رجسٹریشن سسٹم متعارف کرایا ہے۔ سردار یوسف نے کہا کہ ہر زائر اور گروپ منتظم کو ایک کیو آر کوڈ جاری کیا جائے گا تاکہ شناخت اور رابطہ آسان ہو۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت اب زائرین کی مکمل فہرستیں سفر سے قبل ایران، عراق اور شام کی متعلقہ حکام کے ساتھ شیئر کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ یہ پیشگی اقدام پاکستانی زائرین کی نقل و حرکت کے حوالے سے کسی بھی قسم کی غلط فہمی یا پراپیگنڈے کے امکانات کو ختم کر دے گا۔


































