
لندن : برطانیہ سمیت یورپ بھر میں شدید گرمی کی لہر سے سینکڑوں افراد ہلاک اور ہزاروں متاثر ہوئے۔ برطانیہ میں آج بھی درجہ حرارت بلند رہنے کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔برطانیہ میں 18جولائی سال کا گرم ترین دن رہا جبکہ فرانس کے کئی شہروں میں گزشتہ کئی دہائیوں کے ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔آئر لینڈ اور نیدرلینڈز کے کئی شہروں میں بھی شدید گرمی ہے، بیلجیئم میں بھی درجہ حرارت 40 ڈگری تک جانے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔میڈیا کے مطابق پرتگال اور اسپین میں ایک ہفتے میں شدید گرمی سے 1 ہزار سے زائد اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ادھر فرانس، یونان، پرتگال اور اسپین میں ہزاروں ایکڑ اراضی پر آگ لگ گئی جس کے باعث ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور ہیں۔ منگل کو تاریخ کے گرم ترین دن کی پیشگوئی پر ملک بھر میں ہنگامی حالت کا اعلان کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ شہریوں کو گھروں میں رہنے اور اسپتالوں کو تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے انگلینڈ، ویلز اور اسکاٹ لینڈ میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔


































