
اصفہان : حوزہ علمیہ اصفہان کے ممتاز استادالعلماء، ماہرِ علم اخلاق آیت اللہ محمد علی ناصری دولت آبادی مختصر علالت کے بعد داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔ انہیں کچھ عرصہ قبل اصفہان یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں داخل کیا گیا تھا۔ کچھ عرصے قبل ہڈیاں ٹوٹنے اور زخموں کی وجہ سے قم کے ایک اسپتال میں سرجری کی گئی تھی۔ آیت اللہ محمد علی ناصری دولت آبادی نے رسمی علوم کے علاوہ روحانی علوم سے بھی استفادہ کیا اور وہ علامہ طباطبائی، محمد اسماعیل دولابی، حاج عبدالرضا گرداوی اور مولوی قندھاری جیسے علما سے منسلک رہے۔ وہ آیت اللہ بہجت کے دروس میں شرکت کیلئے باقاعدگی سے قم جایا کرتے تھے۔ انہوں نے نجف میں قیام کے دوران آیت اللہ مدثر افغانی، آیت اللہ مجتبیٰ لنکرانی، سید ابوالقاسم خوئی اور امام خمینی (رح) کے دروس سے بھی استفادہ کیا۔


































