
نئی دہلی : انڈین وزیرِاعظم نریندر مودی نے مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باعث توانائی کی بڑھتی عالمی قیمتوں کے پیشِ نظر عوام سے کفایت شعاری اپنانے کی اپیل کردی۔ انڈین وزیراعظم نریندری مودی نے عوام پر زور دیا کہ ایندھن اور زرمبادلہ بچانے کے لیے غیر ضروری اخراجات، سونے کی خریداری اور بیرونِ ملک سفر محدود کیا جائے۔ مودی نے اپنے بیان میں کہا کہ موجودہ عالمی صورتحال کے باعث انڈیا کو ایندھن کے استعمال اور زرمبادلہ کے تحفظ پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جہاں ممکن ہو، ورک فرام ہوم کودوبارہ اختیار کیا جائے تاکہ ایندھن کی کھپت کم ہو سکے۔ مودی نے شہریوں کو میٹرو اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے اور کار پولنگ اپنانے کی بھی تجویز دی۔ انہوں نےکہاکہ یہ اقدامات موجودہ معاشی دباؤ اور عالمی توانائی بحران سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔


































