
صنعا : یمن کی اعلیٰ سیاسی کونسل نے امن عمل کیلئے شرائط پیش کردیں۔ کونسل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امن عمل کیلئے جارحیت اور محاصرے کاخاتمہ، الحدیدہ بندرگاہ کھولنا اور تیل وگیس کی آمدنی سے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کرنا ہوگی۔ یہ وہ شرائط ہیں جو جارحیت اور محاصرے کا شکار عوام کی تکلیفوں اور پریشانیوں کو کم کرنے کے لئے ضروری ہیں۔ کونسل نے تعز اور دیگر صوبوں میں راستے کھولنے میں تاخیر کی مذمت کی اور کہا کہ الحوبان کے راستے کو کھولنے کے لئے شہر تعز کو مسلح چھاپہ ماروں و جنگجؤوں سے خالی کرانا ضروری ہے جو جارح سعودی اتحاد نہیں چاہتا ۔ کونسل نے کہا کہ ہم اس وقت یکطرفہ طور پر تعز میں بعض راستوں کو کھولنے پر غور کررہے ہیں جبکہ جارح فریق ہٹ دھرمی اور ضد بازی سے صنعا کی تجاویز کی پوری طرح مخالفت کررہا ہے ہم کسی بھی کمپنی یا ادارے کی جانب سے کسی بھی حقیقی اور قابل عمل تجویز کا خیرمقدم کرتے ہیں جو شہریوں کے مسائل کم کرنے اور موجودہ قیمت سے کم دام پرعوام کو آئل اور آئل مصنوعات فروخت کرنے میں جارح ملکوں کی اجارہ داری ختم کرنے میں مدد کرے ۔


































