
قاہرہ : مصر میں فلسطینی حامی گروپ کے ہیلوان شہر میں پولیس ہیڈ کوارٹر پر قبضے نے سیاسی نظام کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ آئرن سیونٹین کہلانے والے گروپ نے پولیس ہیڈ کوارٹر میں گھس کر درجنوں اہلکاروں کو کئی گھنٹے یرغمال بنائے رکھا۔ دو ہزار تیرا میں عبدالفتاح السیسی کے صدر بننے کے بعد یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔ گروپ کے احتجاج کی وجہ رفح کراسنگ کی بندش سے غزہ میں پھیلنے والی انسانی تباہی اور غذائی قلت ہے۔
مصر نے اسرائیلی اور امریکی دباؤ پر گذشتہ سال مئی سے رفح کراسنگ کو بند کررکھا ہے۔ٹیلی گرام پر پوسٹ کی گئی ویڈیوز میں قابضین نے رفح کراسنگ کی بندش کی مذمت کی ہے اور اسے کھولنے پر زور دیا ہے۔
دوسری جانب لبنان ۔ جرمنی ۔ نیدر لینڈ ۔ ڈنمارک اور فن لینڈ سمیت کئی ممالک کے دارالحکومتوں میں مصر کے سفارتخانوں اور قونصل خانوں کے سامنے احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور مصری حکومت پر رفح کراسنگ کھولنے پر زور دیا گیا۔


































