
لاہور: کورونا وبا کے پھیلاؤ میں کمی کے باعث ملک بھر کے تعلیمی ادارے سو فیصد حاضری کے ساتھ کھل گئے۔ 12 سال اور زائد عمر کے طلبا کیلئے ویکسی نیشن لازمی قرار دے دی گئی۔ تعلیمی اداروں میں کورونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر عمل لازمی ہوگا۔ صوبائی اور ضلعی سطح پر مانیٹرنگ ٹیمیں ایس او پیز پر عملدرآمد یقنینی بنائیں گی۔ کورونا سے بچاؤ کیلئے اسپرے کیے گئے ہیں اور احتیاطی تدابیر کے بینرز بھی آویزاں ہیں۔ بیماری کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سماجی دوری اپنائی جائے گی۔ اسکول میں بچوں کو ہاتھ دھونے کی ترغیب دی جائے گی اور اس کو یقینی بناناتعلیمی اداروں ذمہ داری ہوگی۔بچوں میں کھانسی یا بیماری کی علامات ظاہر ہونے پر والدین انہیں اسکول ہر گز نہ بھیجیں۔ طبیعت زیادہ خراب ہو تو ٹیسٹ کرائیں، کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر فوری اسکول انتظامیہ کو آگاہ کریں۔ کسی بھی شخص کو درجہ حرارت چیک کیے بغیر تعلیمی اداروں میں داخل ہونے نہیں دیا جائے گا۔ بچے کسی سے ہاتھ نہ نہیں ملائیں گے اور اسکول میں جھولا بھی نہیں جھولیں گے۔ محکمہ تعلیم کی مختلف ٹیمیں اسکولوں کا دورہ کریں گی اور ایس او پیز پر عملدرآمد کاجائز لیں گی۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے گزشتہ ماہ سولہ ستمبر سے تعلیمی ادارے 50 فیصد حاضری کے ساتھ کھولنے کا اعلان کیا تھا اور روزانہ کی بنیاد پر این سی او سی میں بیماری کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد مزید فیصلوں کا کہا تھا۔ اب آج سے سو فیصد حاضری کے ساتھ کلاسز کا آغاز ہوگیا۔


































