
جنین : صیہونی فوج کی جانب سے فلسطینیوں کی ٹارگٹ کلنگ جاری۔ ڈرون حملے میں تین فلسطینی شہید ہوگئے۔ صیہونی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین کے علاقے جلاما میں ایک کار کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا۔ میزائل لگنے سے کار تباہ ہوگئی اور اس میں آگ لگ گئی۔ حملے میں تین کارسوار شہید ہوگئے۔ یہ 2002 کے بعد صیہونی فوج کی جانب سے اس طرح کا پہلا حملہ ہے۔ ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی لیکن صیہونی فوج نے کار کی آگ بجھانے اور اس میں سے لاشیں نکالنے کی اجازت نہیں دی۔ شہدا کی شناخت 28 سالہ محمد بشر اویس۔ 27سالہ صحیب عدنان الغول اور 17 سالہ اشرف مراد سعدی کے نام سے ہوئی ہے۔ صیہونی فوج نے انہیں دہشت گرد سیل کا حصہ قرار دیا ہے۔ اس سے پہلے مغربی کنارے میں سینکڑوں صیہونی آبادکاروں نے صیہونی فوج کی حفاظت میں فلسطینی آبادیوں پر دھاوا بول کر درجنوں مکانات۔ گاڑیاں اور دیگر املاک جلادیں۔ آبادکاروں نے ترمس عیا گاؤں میں ایک فلسطینی کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔ آبادکاروں اور فوجیوں کی دہشت گردی کے نتیجے میں 34 فلسطینی زخمی ہوگئے۔


































