
لندن : برطانوی نشریاتی ادارے نے اپنی رپورٹ میں افغانستان میں طالبان کے کنٹرول سے قبل برطانوی اسپیشل ایئر سروس کے زیر حراست رکھنے اور نہتے افراد کے غیر قانونی قتل میں ملوث ہونے انکشاف کیا ہے۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ ایس اے ایس کے ایک یونٹ نے 6 ماہ میں ممکنہ طورپر 54 افراد کو غیر قانونی طور پر قتل کیا جبکہ اسپیشل فورسز کے سابق سربراہ جنرل سر مارک کارلٹن اسمتھ قتل کی تحقیقات میں ثبوت دینے میں ناکام رہے۔جنرل مارک کارلٹن اسمتھ کو مبینہ غیر قانونی قتل کے بارے میں بریفنگ دی گئی تھی لیکن انہوں نے رائل ملٹری پولیس کو شواہد نہیں دیے۔جنرل کارلٹن اسمتھ اور برطانوی وزارت دفاع نے افغانستان میں غیرقانونی قتل سے متعلق رپورٹ پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔برطانوی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ تبصرہ کرنے سے انکار کو الزامات کی حقیقت کی درستی کے طور پر نہیں لیا جانا چاہیے۔


































