
غزہ: صیہونی فوج کے غزہ سٹی میں مارکیٹ پر حملے میں شہدا کی تعداد بائیس ہوگئی۔ صیہونی فوج نے چوبیس گھنٹوں میں فضائی اور زمینی کارروائیوں میں پچانوے فلسطینی شہید کردئے۔ صیہونی فوج نے غزہ سٹی میں مارکیٹ کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہاں خواتین اور بچوں سمیت فلسطینیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ درجنوں زخمیوں میں کئی کی حالت اب بھی تشویشناک ہے۔
صیہونی فوج نے الزویدہ ۔ المواصی اور جبالیہ میں خمیہ بستیوں کو نشانہ بنایا جبکہ غزہ سٹی میں بعض مکانات اور عوامی مقامات پر حملے کئے گئے۔ جس میں بڑی تعداد میں فلسطینیوں کی شہادتیں ہوئی ہیں اور انہیں زخمی کیا گیا۔ خان یونس اور بیت حنون میں بھی شدید حملے کئے گئے۔ شہدا کی مجموعی تعداد اٹھاون ہزار تک جاپہنچی ہے۔ گذشتہ روز پانی بھرنے کی قطار پرڈرون حملے میں چھ بچوں سمیت دس افراد شہید ہوئے تھے۔۔ اسرائیلی فوج نے اس قتل عام کو ٹیکنیکل غلطی کہہ کر جان چھڑالی۔ بیان میں کہا کہ اسلامی جہاد کو نشانہ بنانے کیلئے داغا گیا میزائل غلطی سےقطار پر جالگا۔۔


































