
بغداد : شمالی عراق پر ترکی کے حملے کیخلاف یوم سوگ منایا گیا۔ مختلف شہروں میں عراقی عوام نے مظاہرے کرکے ترکی کی گولہ باری کو اپنے ملک کی ارضی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی اور جارحیت قرار دیا ہے۔ بغداد میں ترک سفارتخانے کے سامنے ہزاروں عراقیوں نے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے مظاہرے کے دوران مذمتی نعرے لگائے۔ اور ترکی کے فوجی حملوں کو کھلی جارحیت قرار دیا اور اس کی مذمت کی ۔ مشتعل مظاہرین نے سفارتخانے کی عمارت سے پرچم اتار دیا، مشتعل مظاہرین نے نجف اشرف میں ترکی کے ویزا آفس پر حملہ کردیا اور ترکی کا قومی پرچم ویزا آفس کی عمارت سے اتار دیا ۔ نجف کے ہی ایک اور علاقے میں عوام نے ترکی کا پرچم نذرآتش کردیا ۔ شہر بصرہ اور ناصریہ میں بھی ترکی کے خلاف عوام نے مظاہرے کئے اور ان دونوں شہروں میں ترکی کا ویزا آفس بند کردیا ۔ گزشتہ روز ترکی نے عراقی کردستان کے سیاحتی پوائنٹ پر توپوں کے گولے داغے جس کے نتیجے میں 8 سیاح جاں بحق اور 23 زخمی ہوئے۔


































