
نماز اور طواف کے دوران 3 فٹ کا فاصلہ اور ماسک پہننا لازمی، عرفات اور مزدلفہ میں مخصوص مقامات پر قیام کی اجازت، جائے نماز ساتھ لانا ہوگی
حجاج ایک دوسرے کی اشیا استعمال نہیں کرسکیں گے، عارضی برتن استعمال کئے جائیں گے، سینیٹائز کنکریاں فراہم کی جائیں گی،حج کے ایس او پیز جاری
جدہ (نیوز ڈیسک) سعودی عرب نے رواں سال حج کیلئے حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق پروٹوکولز جاری کر دیے جس کے تحت حاجیوں کے اکٹھے ہونے پر پابندی ہوگی، حجاج خانہ کعبہ اور حجر اسود کو چھو نہیں سکیں گے،نماز اور طواف کے دوران حاجیوں کے درمیان تین فٹ کا فاصلہ رکھنا لازمی ہوگا، حاجیوں اور منتظمین دونوں کے لیے ماسک پہننا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے ، منا، مزدلفہ اور عرفات میں مناسک حج ادا کرنے کے لیے بھی صرف انہی افراد کو اجازت دی جائے گی جن کے پاس اجازت نامے ہوں گے،میدان عرفات اور مزدلفہ میں مخصوص مقامات پر ہی قیام کی اجازت ہوگی،عازمین حج ملبوسات، سر کے بال مونڈنے، داڑھی بنانے والے آلات اور ایک دوسرے کے تولیے استعمال نہیں کرسکیں گے،کھانا کھانے، پانی پینے کے لیے عارضی برتن استعمال کیے جائیں گے تاکہ انہیں ایک مرتبہ استعمال کرنے کے بعد ضائع کر دیا جائے،عازمین حج نماز ادا کرنے کے لیے جائے نماز اپنے ہمراہ لائیں گے، شیطان کو مارنے کیلئے سینیٹائز کنکریاں فراہم کی جائیں گی،عازمین حج کا پہلے مکمل طبی معائنہ ہوگا جبکہ حج کے بعد انہیں خود کو گھروں میں قرنطینہ کرنا ہوگا۔


































