
بغداد : حزب اللہ عراق نے ترک جارحیت پر خاموشی کے باعث وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی کے مواخذے کا مطالبہ کردیا۔ حزب اللہ عراق کے ترجمان محمد محیی نے کہا کہ حکومت نے کرد علاقوں پر ترک فوج کی جارحیت پر مسلسل خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ خاموشی سے ظاہر ہوتا ہے کہ وزیراعظم نے اس معاملے میں ترکی کے ساتھ ساز باز کر رکھا ہے۔ حکومت شرمناک حد تک صرف مذمتی بیانات پر اکتفا کررہی ہے اور ترکی کے مخاصمانہ اقدامات کے خلاف دباؤ ڈالنے کے لیے کسی بھی اقدام سے گریزاں ہے۔ محمد محیی نے کہا کہ وزیراعظم کا رویہ ان کے فرائض منصبی سے کوتاہی برتنے کا بین ثبوت ہے اور پارلیمنٹ کو اس کا نوٹس لیتے ہوئے ان کا مواخذہ کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ترکی کے غاصبانہ قبضے کے خلاف عوامی مزاحمت کو اہمیت دیا جانا چاہیے کیونکہ عوامی رضاکار فورس اس کی پوری توانائی رکھتی ہے۔


































