
ڈھاکا: پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پندرہ سال بعد سفارتی مذاکرات بحال ہوگئے۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان خارجہ سیکریٹری سطح کے مشاورتی مذاکرات کا چھٹا دور ڈھاکا میں منعقد ہوا۔ پاکستانی سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے بنگلہ دیشی ہم منصب جاشم الدین سے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ جس میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائز محمد یونس سے بھی ملاقات کی جس میں تجارت و سرمایہ کاری کے مواقع، نوجوانوں کے روابط، علاقائی انضمام، اور سارک کی بحالی پر گفتگو کی گئی۔ ڈاکٹر یونس نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے اپنا وژن بھی پیش کیا جب کہ آمنہ بلوچ نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستانی قیادت کی جانب سے نیک تمنائیں بھی پہنچائیں۔


































