
کنشاسا: وسطی افریقی ملک کانگو میں اقوام متحدہ امن فورس اور مظاہرین کے درمیان تصادم میں 3 اہلکاروں سمیت 15 افراد ہلاک ہوگئے کانگو کے صوبے کیوو میں اقوام متحدہ کی امن فورس کے ہیڈ کوارٹر کے باہر پُرتشدد مظاہرے ہوئے۔ مظاہرین نے اقوام متحد امن مشن کے ہیڈ کوارٹر اور اس کے ایک لاجسٹک اڈے میں لوٹ مار بھی کی جس پر یو این امن فورسز نے مظاہرین پر فائرنگ کردی۔مظاہرین نے بھی راڈوں، ڈنڈوں سے اہلکاروں پر حملے کیے اور پتھر مارے۔ اس ہنگامہ آرائی میں 12 مظاہرین اور امن فورس کے 3 اہلکار ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔ ہلاک ہونے والے 3 اہلکاروں میں 2 کا تعلق بھارت بارڈر فورس سے جب کہ ایک کا تعلق مراکش سے تھا۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے امن فورس پر حملے کو جنگی جرائم قرار دیا اور کانگو کی حکومت سے تشدد کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اقوام متحدہ خود بھی واقعے کی تفتیش کرے گی۔


































