
تل ابیب : سعودی عرب اور صیہونی حکومت میں قربتیں بڑھنے لگیں۔ صیہونی حکومت نے سعودی حکام سے براہ راست پروازوں اور سعودی فضائی حدود کے استعمال کی باضابطہ درخواست کردی۔ اسرائیلی وزیر برائے علاقائی تعاون عیساوی فریج نے سعودی حکومت سے درخواست کی ہے کہ اسرائیلی مسلمانوں کو حج اور عمرے کی ادائیگی کے لیے تل ابیب سے براہ راست سعودی عرب پرواز کی اجازت دی جائے۔جبکہ اسرائیلی ایئرلائنز کو سعودی فضائی حدود سے گزر کر ایشیائی ممالک میں جانے کی پابندی بھی ختم کی جائے۔ اسرائیلی وزیر نے کہا کہ میں وہ دن دیکھنا چاہتا ہوں جب میں اپنی مذہبی عبادات کے لیے بین گُریون ایئرپورٹ سے جدہ جاسکوں۔ میں نے سعودی عرب کی حکومت کے سامنے یہ معاملہ اٹھایا ہے اور مجھے پوری امید ہے کہ وہ دن ضرور آئے گا۔اسرائیلی حکام کے مطابق دبئی، ابوظہبی اور مناما کے علاوہ دیگر مقامات تک رسائی کے لیے سعودی فضائی حدود استعمال کرنے کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔ سعودی فضائی حدود کے استعمال سے ایشیائی ریاستوں تک بہت کم وقت میں پہنچا جا سکے گا۔


































