
تہران : جوہری معاہدے کے یورپی مسودے پر ایران نے مکتوب شکل میں اپنا جواب اور تجاویز پیش کردیں۔ایران کے مذاکراتی وفد کے بیانات سے واضح ہوتا ہے کہ تین موضوعات پر اختلافات برقرار ہیں دو پر امریکی فریق نے زبانی لچک کا مظاہرہ کیا ہے اور مگر اُسے متن میں شامل کرنے کی ضرورت ہے۔ تیسرا موضوع جامع ایٹمی معاہدے کے دائمی نفاذ کی ضمانت کا ہے جس کے سلسلے میں امریکا کو حقیقت پسندی کا مظاہرہ کرنا ہے۔یہ تینوں مسائل ایران کی قومی سلامتی کونسل کے اجلاس میں زیر بحث آئے اور بعد میں یورپ کو مکتوب کی شکل میں اپنے موقف سے آگاہ کر دیا۔مذاکراتی وفد کے مشیر محمد مرندی نے ایک ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ایران نے اپنی تشویش سے فریقوں کو آگاہ کیا ہے تاہم باقی ماندہ مسائل کا حل، کوئی دشوار کام نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی تشویش کی وجہ جامع ایٹمی معاہدے کے سلسلے میں مغربی فریق کی عہد شکنی ہے۔ میں یہ نہیں کہنا چاہتا کہ معاہدہ ہو جائے گا، مگر اتنا ضرور ہے کہ ماضی کی بنسبت اس وقت ہم معاہدے سے زیادہ نزدیک ہیں۔


































