
بیجنگ : چین کے وزیر دفاع نے اپنے امریکی ہم منصب کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر تائیوان نے آزادی کا اعلان کیا تو بیجنگ جنگ شروع کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرے گا۔ چین کے وزیر دفاع وی فینگ کی جانب سے یہ انتباہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب انہوں نے سنگاپور میں سیکیورٹی اجلاس شنگریلا ڈائیلاگ کے موقعے پر امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن سے براہ راست ملاقات کی۔چینی وزیر دفاع نے کہا ہے کہ اگر کوئی تائیوان کو چین سے الگ کرنے کی جرات کرتا ہے تو چین کی فوج کسی بھی قیمت پر جنگ شروع کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بیجنگ تائیوان کی آزادی کی سازش کو ناکام بنا دے گا۔بیجنگ جمہوری اور خودمختار تائیوان کو اپنا علاقہ قرار دیتا ہے اور اس نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو طاقت کے استعمال سے ایک دن تائیوان پر قبضہ کر لے گا۔ حالیہ ماہ میں چین اور امریکہ کے درمیان تائیوان کے معاملے پر کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔


































