
نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے تنازع فلسطین کے دو ریاستی حل پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں صرف جنگ بندی کافی نہیں ہے۔ سیاسی حل بھی ضروری ہے۔
انتونیو گوتیریس نےکہا یہ ضروری ہےکہ جنگ بندی کسی حل کی طرف لے جائے لیکن یہ حل تبھی ممکن ہوسکتا ہے جب فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کی اپنی اپنی ریاست ہو جہاں وہ اپنے حقوق کا استعمال کر سکیں۔ انہوں نے غزہ کی صورتحال کو خوفناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ علاقہ موت اور تباہی کا مشاہدہ کر رہا ہے جس کا حالیہ دنوں میں کوئی مثال نہیں ملتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پچاس لاکھ لوگوں کا اپنی سرزمین پر حقوق کے بغیر رہنے کا تصور انسانیت اور بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہے۔ انتونیو گوتیرس نے رواں ماہ دو ریاستی حل پر کانفرنس کے منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں فریق جنگ بندی کے حصول کے لیے مشکلات پر قابو پا سکتے ہیں۔


































