
غزہ: صیہونی جنگی طیاروں کے فضائی حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت مزید ڈیڑھ سو فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ صیہونی فوج نے 17 ویں رات بھی غزہ پر وحشیانہ حملے جاری رکھے۔ جنگی طیاروں نے رات گئے اور صبح سویرے شمالی غزہ میں الشاطی اور البلاد کیمپ جبکہ وسطی غزہ میں البریج مہاجر کیمپ کو نشانہ بنایا۔ جنوبی غزہ میں رفح اور خان یونس میں بھی رہائشی عمارتوں پر بمباری کی گئی۔ سب سے زیادہ شہادتیں الشاطی کیمپ میں ہوئیں جہاں 50 سے زائد افراد جان سے گئے۔ خان یونس میں 30 اور رفح میں 23 فلسطینی شہید ہوئے۔ دوسری جانب حماس نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مزید دو اسرائیلی خواتین کو رہا کردیا۔ 80 سالہ دونوں خواتین کو رفح کراسنگ سے اسرائیل منتقل کردیا گیا ہے۔ یہ رہائی بھی قطر اور مصر کی کوششوں سے عمل میں آئی ہے۔
اسرائیلی فوج نے گذشتہ رات 222 یرغمالیوں کی تصدیق کی تھی۔ ادھر شمالی غزہ کا سب سے بڑا انڈونیشی اسپتال ایندھن ختم ہونے کے باعث تاریکی میں ڈوب گیا۔ تاہم کچھ دیر بعد بجلی بحال ہوگئی لیکن یہ نہیں معلوم کہ کب تک بحال رہے گی۔
اسرائیلی بربریت میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کرگئیں ہیں۔


































