
وانا: جنوبی وزیرستان کے لوئر وانا بازار میں ٹیکسی سٹینڈ کے قریب بم دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور 14 افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا بازار میں شکئی اسٹینڈ کے قریب پولیس وین کے پاس زور دار دھماکا ہوا، ریمورٹ کنٹرول بم کے ذریعے دھماکا کیا گیا۔
حکام کے مطابق واقعہ میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں جب کہ متعدد عام شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں، زخمیوں کو فوری طور پر وانا ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) طاہر شاہ کے مطابق دھماکا اور فائرنگ کے بعد علاقے میں سکیورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
دوسری طرف کاغان کے قریبی علاقے پھاگل بازار میں سلنڈر دھماکا ہوا ہے جس میں بچوں سمیت 7 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق سلنڈر دھماکا دکان میں ہوا، اسکول جاتے بچے بھی زد میں آ گئے، زخمیوں کو بالاکوٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔


































