
تہران : ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ بائیڈن کے دورہ مشرق وسطیٰ سے صیہونی حکومت کو تحفظ نہیں ملے گا۔ دورے کا مقصد غاصب صیہونی حکومت کی پوزیشن کو مضبوط بنانا ہے تو امریکا سمجھ لے کہ اس طرح علاقے میں غاصب صیہونیوں کو تحفظ فراہم نہیں کیا جا سکتا۔کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ امریکا کہتا ہے کہ ایران کو ایٹمی معاہدے میں واپس لوٹنا ہوگا جبکہ ایران کبھی بھی ایٹمی معاہدے سے باہر نہیں نکلا۔ یہ خود امریکا ہے جس نے بین الاقوامی معاہدے کی خلاف ورزی کی اور اس سے باہر نکل گیا۔ کسی کو اس بات کا حق حاصل نہیں ہے کہ ایرانی قوم سے دھونس دھمکی کی زبان میں بات کرے۔ امریکا اپنی شکست خوردہ پالیسیوں پر عمل کرنے کے بجائے حقیقت پسندی سے کام لے اور ماضی کی حرکتوں سے باز آجائے۔ ایران تمام مسائل پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور ارضی سالمیت کے خلاف کسی بھی طرح کے اقدام کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔


































