
غزہ : غاصب اسرائیل کا غزہ پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔ جمعہ کی رات سے جاری حملوں میں مزید 377 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ غزہ پر بری، بحری اور فضائی حملے جاری ہیں. فلسطینی وزرات صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 8000 سے تجاوز کر گئی ہے۔ غزہ میں ہر طرف خون اور بارود کی بو پھیلی ہوئی ہے۔
سخت تاریکی اور آسمان سے برستے بموں نے ماحول وحشت ناک بنادیا ہے۔
اسرائیل نے الشفا ہسپتال پر حملے کی دھمکی کے بعد ہسپتال کے قریب بھی شدید بمباری کی ہے۔ اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں حماس کی سرنگوں پر وائٹ فاسفورس سے حملے کیے۔
دوسری جانب حماس کی جوابی کارروائیاں جاری ہیں جس میں اسرائیلی فوج کی بکتربند گاڑی کو تباہ کیا گیا۔ حماس رہنما ابوعبیدہ کا کہنا ہے کہ فلسطینی جنگ کو فیصلہ کن معرکہ سمجھیں اور ہمارے ساتھ اٹھیں۔ غزہ میں لینڈ لائن، موبائل اور انٹرنیٹ سروسز بتدریج بحال ہونا شروع ہوگئی۔ فلسطین ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی کا کہنا ہےکا تکنیکی ٹیمیں مشکل حالات میں اندرونی نیٹ ورک کے بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان کو دور کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔


































