
ڈھاکا : بنگلہ دیش میں پولیس نے ملک گیر کریک ڈاؤن میں اپوزیشن کے آٹھ ہزار سے زائد کارکنان کو گرفتار کرلیا۔ بنگلہ دیش میں جنوری میں ہونیوالے عام انتخابات سے پہلے سیاسی کشیدگی انتہا کو پہنچ گئی ہے۔ اپوزیشن جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی اپیل پر ملک بھر میں دو روزہ پہیہ جام ہڑتال کی گئی۔ اس موقع پر ڈھاکا سمیت کئی بڑے شہروں میں ٹریفک معطل رہا۔ مشتعل افراد نے ڈھاکا میں گیارہ گاڑیوں کو آگ لگادی۔ ہنگامہ آرائی میں اب تک چار افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوچکے ہیں۔
گذشتہ ہفتے دارالحکومت ڈھاکا میں پرتشدد ریلی کے بعد سے اپوزیشن کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ بی این پی کے صف اول کے 162 رہنماؤں پر پولیس آفیسر کے قتل کا مقدمہ بنایا گیا ہے۔ جبکہ ملک بھر سے 8 ہزار سے زائد کارکنوں کو گرفتار کیا جا چکاہے۔ اپوزیشن کا مطالبہ ہے کہ وزیراعظم حسینہ واجد مستعفی ہو کر حکومت غیرجانبدار نگراں حکومت کے سپرد کریں اور اس کی زیرنگرانی انتخابات ہو۔


































