
عمان : اردن نے کہا ہے کہ تمام عرب ممالک ایران کے ساتھ باہمی احترام کے ساتھ ساتھ اچھی ہمسائیگی کے اصول کی بنیاد پر سفارتی تعلقات کو بہتر بنانے کے خواہاں ہیں۔ اردن کے وزیرخارجہ ایمن صفادی نے کہا کہ موجودہ تناؤ سے نمٹنے کے لیے بات چیت بہترین پالیسی ہے ۔وہ ایران کے ساتھ صحت مندانہ تعلقات چاہتے ہیں جو باہمی احترام، ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت اور اچھی ہمسائیگی کے اصول پر مبنی ہوں۔ خطے میں کافی بحران ہیں اور ہمیں مزید کشیدگی کی ضرورت نہیں ہے۔ صفادی نے نیٹو کی طرح ایران مخالف فوجی اتحاد کی تشکیل پر کسی بھی بات چیت کے وجود کومسترد کر دیا، جس میں اسرائیل بھی شامل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں ہم سب محسوس کرتے ہیں کہ ہمیں عرب تعاون کے طریقہ کار کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے اور ایسے اداروں کو جو ہمارے مفادات کی خدمت کرنے اور ہماری قوموں اور ممالک کے لیے بہترین کام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔


































